رائے بریلی :11 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) امیٹھی میں بدھ کو راہل گاندھی کی نامزدگی کے بعد جمعرات یو پی اے چیئر پرسن سونیا گاندھی کے رائے بریلی سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے اور روڈ شو کے دوران پورا گاندھی اور واڈرا خاندان ایک ساتھ نظر آیا۔سونیا گاندھی کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے علاوہ رابرٹ واڈرا، ریحان اور مرایا واڈرا بھی موجود رہے۔سونیا گاندھی کی نامزدگی کے بعد پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہر سیاسی لیڈر کو ان کی ماں سے سیکھ لینی چاہئے۔پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ رائے بریلی کی عوام کے تئیں میری ماں کی تعظیم سے ہر امیدوار اور ہر سیاستدان کو سیکھنا چاہئے، سیاست کا مقصد عوام کی خدمت اور لگن ہے،جسے بھی یہ موقع ملتا ہے اسے عوام کا شکرگزار ہونا چاہئے۔ بتا دیں کہ سونیا گاندھی نے رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے پانچویں بارپرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔